مسقط: سلطنت عمان نے غیر ملکی ملازمین کے حوالے سے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے آجروں کے لیے غیر ملکی ملازمین کی فیسوں میں اضافہ کر دیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق عمان کی وزارت محنت نے آجروں کے لیے غیر ملکی ملازمین کی فیسوں میں اضافہ کر دیا ہے، اس کے ساتھ ہی فیسوں کا نیا ڈھانچہ بھی جاری کیا گیا ہے۔
عمان کے ڈیلی ٹائمز نے ایک رپورٹ شائع کی ہے جس کا مقصد عمان کے شہریوں کے لیے ملازمتوں میں اضافہ کرنا ہے، وزارت محنت کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ فیسوں کے نئے ڈھانچے میں اعلیٰ عہدوں پر غیر ممالک کے شہریوں کی خدمات حاصل کرنے کے لیے 5 ہزار 198 ڈالر، درمیانے درجے کے عہدوں کے لیے 26 سو ڈالر اور تکنیکی نیز ہنر مند کارکنوں کے لیے 15 سو 61 ڈالر فیس ادا کرنی ہوگی۔
یہ فیصلہ سلطنت عمان میں مختلف ملازمتوں کے قومیانے کے پروگرام عمانائزیشن میں بتدریج اضافہ کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
کچھ صنعتوں میں ہر غیر ملکی ملازم کی خدمات کے حصول کے لیے ایک مخصوص فیس ہوگی، ایک غیر ملکی ماہی گیر کی خدمات حاصل کرنے کے لیے کمپنیوں کو تقریباً 938 ڈالر ادا کرنے ہوں گے جبکہ دوسری صنعتوں میں ہر عہدے پر غیر ملکی ملازمین کی تعداد کے لحاظ سے فیس میں اضافہ ہوگا۔
کمپنیوں کو ملازمت میں تبدیلی اور کسی بھی ملازم کی ملازمت کی حیثیت کو اپ ڈیٹ کرنے کے لیے اضافی فیس بھی ادا کرنا ہوگی تاہم سمال اینڈ میڈیم انٹر پرائزز یعنی چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے مالکان کو کچھ استثنیٰ دیا گیا ہے۔
عمان کی وزارت محنت کے مطابق یہ ان آجروں کے لیے ہے جنہیں ان کمپنیوں کو سنبھالنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے جو پبلک اتھارٹی فار ایس ایم ای ڈیولپمنٹ (ریادا) کے تحت رجسٹرڈ ہیں۔
عمان کی پبلک اتھارٹی فار سوشل انشورنس (پی اے ایس آئی) کے تحت اسے انشور بھی کیا گیا ہے، اس کے علاوہ سمال اینڈ میڈیم انٹر پرائزز اپنے قیام کے وقت سے لے کر 2 سال تک ان ضوابط سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔