اسلام آباد: رواں مالی سال کے ترقیاتی پروگرام کے فنڈز کی تفصیلات جاری کردی گئیں، وزارت صحت کے منصوبوں کے لیے 7 ارب 43 کروڑ روپے اور اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے لیے 14 ارب 6 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق رواں مالی سال کے ترقیاتی پروگرام کے فنڈز کی تفصیلات جاری کردی گئیں، پی ایس ڈی پی کی مد میں 321 ارب 53 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کیے گئے۔
دستاویزات کے مطابق وزارتوں کے منصوبوں کے لیے 208 ارب 52 کروڑ روپے سے زائد جاری کیے گئے، وزارت آبی وسائل کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 44 ارب 7 کروڑ روپے، کابینہ ڈویژن کے لیے 40 ارب 22 کروڑ روپے اور وزارت خزانہ کے لیے 33 ارب 4 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کیے گئے۔
این ایچ اے کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے 55 ارب 20 کروڑ روپے، اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے لیے 14 ارب 6 کروڑ روپے سے زائد اور این ٹی ڈی سی اور پیپکو کے لیے 31 ارب 79 کروڑ روپے سے زائد رقم جاری کی گئی۔
دستاویزات کے مطابق وزارت ریلویز کے لیے 11 ارب 75 کروڑ روپے سے زائد، وزارت صحت کے منصوبوں کے لیے 7 ارب 43 کروڑ روپے سے زائد اور وزارت قومی تحفظ خوراک کے لیے 6 ارب روپے کے فنڈز جاری کیے گئے۔
اسی طرح آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے لیے 25 ارب 25 کروڑ سے زائد، تخفیف غربت ڈویژن کے لیے 6 ارب 75 کروڑ روپے اور ایرا کے لیے 75 کروڑ روپے کے ترقیاتی فنڈز جاری کیے گئے۔