کویت سٹی: کویت میں آکسفورڈ کی کرونا ویکسین ہنگامی صورت حال میں استعمال کرنے کی اجازت دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق کویتی وزارت صحت نے آکسفورڈ کی کرونا ویکسین ایمرجنسی میں استعمال کرنے کی اجازت دے دی، یہ ویکسین انڈیا کی سیرم فیکٹری میں انٹرنیشنل کمپنی آسٹرازینیکا کے لائسنس سے تیار کی جا رہی ہے۔
جمعے کو ایک بیان میں معاون سیکریٹری صحت ڈاکٹر عبداللہ البدر نے کہا کہ تکنیکی کمیٹی نے متعدد ویکسینز کا جائزہ لیا، اور آکسفورڈ ویکسین کے حق میں رائے دی۔
کویت میں کرونا ٹیسٹ کی قیمت مقرر
ان کا کہنا تھا حکومت چاہتی ہے کہ ملک میں ویکسین پروگرام پر عمل درآمد میں تاخیر نہ ہو، اس لیے ویکسین کے ایمرجنسی میں استعمال کی اجازت دی گئی ہے، آکسفورڈ ویکسین کی پہلی کھیپ چند روز میں کویت پہنچ جائے گی۔
آکسفورڈ ویکسین سے متعلق ڈاکٹر عبداللہ البدر نے کہا کہ اس ویکسین کو برطانیہ کا متعلقہ ادارہ منظور کر چکا ہے، عالمی ادارہ صحت نے سیرم فیکٹری کے حق میں بھی رائے دی ہے، جب کہ جی سی سی ہیلتھ کونسل نے بھی اس کی منظوری دی ہے۔
معاون سیکریٹری صحت نے واضح کیا کہ آکسفورڈ ویکسین کے استعمال کی منظوری تکنیکی کمیٹی نے تحقیق اور مطالعے کے بعد دی ہے۔