لاہور : پاکستانی فلموں کی معروف اداکارہ نیلو بیگم لاہور میں انتقال کرگئیں، وہ گزشتہ کافی عرصہ سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں۔
اداکارہ نیلو بیگم اداکارشان کی والدہ تھیں، نیلو بیگم کے انتقال کی اطلاع ان کے صاحبزادے اور پاکستانی فلموں کے نامور اداکار شان شاہد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پیغام میں دی۔
It is with the saddest of heart I share the departure of my mother as she has gone to her creator .may ALLAH bless her ❤️🙏🏼
— Shaan Shahid (@mshaanshahid) January 30, 2021
اداکار شان شاہد نے بتایا کہ نہایت افسوس سے بیان کررہا ہوں کہ میری والدہ (نیلو بیگم) کا انتقال ہو گیا ہے وہ اپنے خالق حقیقی سے جا ملی ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے۔
یاد رہے کہ اداکارہ نیلو بیگم پاکستان کی فلم انڈسٹری میں نمایاں مقام رکھتی تھیں، انہوں نے 16سال کی عمر سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور جلد ہی بڑے پردے کی نامور ہیروئنوں میں ان کا شمار ہونے لگا۔
نیلو بیگم نے اپنے فلمی دور میں سینکڑوں فلموں میں کام کیا۔ ان کی فلم "سات لاکھ” کے گانے ’آئے موسم رنگیلے سہانے‘ میں شائقین کی جانب سے ان کی اداکاری کو خوب سراہا گیا اور یہی گانا ان کی وجہ شہرت بنا۔
نیلو بیگم نے اپنے فنی کیریئر میں دوشیزہ، عذرا، زرقا، بیٹی، ڈاچی، جی دار جیسی یادگار فلموں میں کام کیا۔ نیلو نے معروف ہدایت کار ریاض شاہد سے شادی کی اور اپنا نام عابدہ رکھا۔
نیلو بیگم30 جون 1940ء کو سرگودھا کی تحصیل بھیرہ میں پیدا ہوئیں اور 80سال کی عمر میں اس دار فانی سے کوچ کرگئیں۔