نئی دہلی: بھارتی ریاست بہار میں بالی ووڈ کے آنجہانی اداکار کے قریبی عزیز پر دن دیہاڑے قاتلانہ حملہ ہوا جس میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔
انڈیا ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ کے آنجہانی اداکار سشانت سنگھ کے قریبی عزیز راج کمار سنگھ اور اُن کے دوست علی حسن کو تین نامعلوم مسلح افراد نے ٹارگٹ کیا۔
فائرنگ کا واقعہ تیس جنوری کی صبح ساڑھے گیارہ بجے ریاست بہار کے ضلع سہارسا میں پیش آیا۔
مسلح افراد کے حملے میں راج کمار سنگھ اور اُن کے دوست علی حسن شدید زخمی ہوئے جنہیں ہنگامی طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
ڈاکٹرز نے سشانت سنگھ کے رشتے دار راج کمار سنگھ کی صحت کو تسلی بخش قرار دیا جبکہ علی حسن کی حالت تشویشناک ہے اور وہ حیات و زیست کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق راج کمار سنگھ گاڑیوں کی خرید و فروخت کا کام کرتے ہیں، وہ اپنے دوست اور ساتھی علی حسن کے ساتھ شوروم کا چکر لگانے جارہے تھے کہ اسی دوران ضلع مدھیا پور میں اُن پر حملہ کیا گیا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ راج کمار اور علی حسن پر باجی ناتھ چوک کے قریب تین نامعلوم افراد نے گاڑی کو گھیر پر اندھا دھند فائرنگ کردی، ہم نے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلیں اور اب ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ملزمان کو جلد گرفتار کرلیں گے۔