منگل, جنوری 14, 2025
اشتہار

چکن، مچھلی یا گائے کا گوشت آپ کو کس طرح‌ امراض میں مبتلا کرسکتا ہے، جانیے

اشتہار

حیرت انگیز

کیا آپ چکن یا گائے کے گوشت کو مسالا لگانے کے بعد بھون کر یا روسٹ کر کے کھانا پسند کرتے ہیں؟ یقیناً لوازمات کے ساتھ ایسا گوشت بہت لذیذ ہوتا ہے، لیکن سائنسی تحقیق بتاتی ہے کہ آپ لذّتِ کام و دہن کا یہ سامان اکثر کرنے لگیں تو آپ ایک خاموش قاتل کہلانے والے مرض کا شکار بن سکتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق گوشت کو اس شکل میں غذا کا حصّہ بنانا آپ کو بلڈ پریشر کا مریض بنا سکتا ہے جس کے نتیجے میں‌ لاحق ہونے والی پیچیدگیاں فالج اور ہارٹ اٹیک سمیت خون کی شریانوں سے جڑے متعدد امراض کا خطرہ بڑھا دیتی ہیں۔ یہ انکشاف امریکا میں ہونے والی ایک طبّی تحقیق میں کیا گیا ہے۔

ہارورڈ یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ جو لوگ گوشت کے پارچے یا بوٹیاں‌ بنا کر‌ سیخ میں بھوننے یا روسٹ کرکے کھانا پسند کرتے ہیں، ان میں بلڈ پریشر بڑھنے کا خطرہ دیگر افراد کے مقابلے میں 17 فی صد بڑھ جاتا ہے۔ تحقیق کے مطابق مہینے میں 15 بار کسی بھی جانور کا اس طرح گوشت کھانے سے یہ خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

- Advertisement -

تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ زیادہ درجہ حرارت پر گوشت پکانے سے اس میں موجود پروٹین سے ایسے کیمیکلز خارج ہوتے ہیں‌ جو فشار خون سے متعلق خرابیوں کا خطرہ بڑھاتے ہیں۔

اس تحقیق کے دوران ایک لاکھ سے زائد ایسے مرد اور عورتوں کی غذا و خوراک سے متعلق عادات کا جائزہ لیا گیا جو اکثر گائے، چکن یا مچھلی کا گوشت کھانے کے عادی تھے۔ ان کی طبّی حالت کی جانچ کے نتائج سامنے آنے کے بعد محققین کا کہنا ہے کہ ہائی بلڈ پریشر جیسے مرض کا خطرہ کم سے کم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ لوگ غذا کو تیز آنچ پر پکانے سے گریز کریں اور خاص طور پر باربی کیو یا گرلنگ کے عادی اس حوالے سے احتیاط کریں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بہتر ہے کہ گوشت کو اس شکل میں‌ بہت کم استعمال کریں۔

اس تحقیق کے نتائج امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کی کانفرنس کے دوران پیش کیے گئے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں