فیصل آباد: پنجاب کے شہر فیصل آباد میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کا جنون ایک اور نوجوان کی جان لے گیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق فیصل آباد میں موٹر وے پر ٹک ٹاک ویڈیو بنانے والا نوجوان گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق فیصل آباد کے علاقے دیال گڑھ میں نوجوان بطور مہمان آیا ہوا تھا اور موٹر وے پر ٹک ٹاک ویڈیو بنا رہا تھا، گاڑی کی ٹکر سے نوجوان موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ نوجوان کی لاش کو لواحقین کے حوالے کردیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: ٹک ٹاک کا جنون، دو نوجوان نہر میں ڈوب کر جاں بحق
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں لاہور کے رہائشی دو نوجوان ٹک ٹاک ویڈیو بناتے ہوئے نہر میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے تھے۔
لاہور کے علاقے رائیونڈ کے رہائشی دو نوجوان ذیشان رشید اور ساجد اپنے کزن کی دعوت پر اس سے ملنے شیخوپورہ کے گاؤں بھکھی گئے تھے جہاں انہوں نے نہر کے قریب کھڑے ہوکر ٹاک ویڈیو بنانا شروع کی اور اس دوران توازن برقرار نہ رکھ سکے اور نہر میں ڈوب گئے تھے۔
یاد رہے کہ ٹک ٹاک ویڈیو کے چکر میں نوجوان کی جان جانے کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں، پاکستان سمیت دنیا بھر میں ٹک ٹاک استعمال کرنے والے نوجوان صرف ویوز کے چکر میں خطرناک اسٹنٹ کرتے ہیں جس کے دوران وہ اپنی جان بھی گنوا دیتے ہیں۔