نئی دہلی: بھارت میں ایک جوڑے نے ایک پراسرار واردات میں اپنی بیٹیوں کو قتل کردیا، پولیس گھر میں داخل ہوئی تو ماں، بیٹیوں کی لاشوں کے گرد رقص کر رہی تھی۔
یہ خوفناک واقعہ بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں پیش آیا جہاں والدین نے عجیب وغریب حالات میں اپنی بیٹیوں کو قتل کردیا، قتل سے قبل ماں زور سے چلائی کہ کرونا وائرس چین سے شروع نہیں ہوا بے بلکہ مجھ سے شروع ہواہے۔
بعد ازاں پولیس کی حراست میں بھی وہ بار بار کہتی رہی کہ کرونا وائرس میری طرف سے آیا ہے ، یہ وبا مارچ تک ختم ہوجائے گی۔
پولیس کے مطابق والدین نے کسی رسم کی ادائیگی کرتے ہوئے بیٹیوں کو قتل کیا، جب وہ گھر میں داخل ہوئے تو ماں بیٹیوں کی لاشوں کے گرد رقص کر رہی تھی۔
ماں نے بعد ازاں کہا کہ انہیں اس اقدام کا اشارہ موصول ہوا تھا، اور اس رسم کی ادائیگی کے بعد ایک معجزہ رونما ہونا تھا جو پولیس نے گھر میں داخل ہو کر خراب کردیا۔
پولیس کو ایک بیٹی کی لاش اس حالت میں ملی کہ اس کا سر ورزش کرنے والے ڈمبل سے کچل دیا گیا تھا جبکہ دوسری بیٹی کو ترشول مار کر قتل کیا گیا تھا۔ والدین کا کہنا تھا کہ وہ کچھ پڑھنے کے بعد اپنی بیٹیوں کو پھر سے زندہ کرسکیں گے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں میاں بیوی اور مقتول بیٹیاں عجیب و غریب عقیدوں پر یقین رکھتے تھے-
پولیس کے مطابق باپ ایک گورنمنٹ کالج میں ایسوسی ایٹ پروفیسر جبکہ ماں ایک اسکول ٹیچر تھی، قتل ہونے والی دونوں لڑکیاں مختلف تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم تھیں۔