انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپنر جیک لیچ کا کہنا ہے کہ وہ بھارت کے خلاف اپنی پھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہتے ہیں، وہ کافی عرصے سے بین الاقوامی کرکٹ سے دور تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق انگلینڈ کے لیگ اسپنر جیک لیچ کا کہنا ہے کہ وہ ہندوستان کے خلاف سیریز کے دوران اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہتے ہیں اور صرف اپنی کارکردگی پر ہی توجہ مرکوز کر رہے ہیں۔
لیچ گزشتہ مہینے سری لنکا کے خلاف 2 میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں شامل تھے جو تقریباً گزشتہ ایک سال کے وقفے کے بعد ان کا پہلا بین الاقوامی میچ تھا۔ لیچ نے سری لنکا کے خلاف 10 وکٹیں حاصل کی تھیں، لیکن وہ ابھی بھی اپنی کارکردگی میں اصلاح کے لیے پرعزم ہیں۔
لیچ نے کہا کہ میں سری لنکا کے دورے سے پہلے کئی وقت تک میدان سے باہر رہا تھا لیکن اس دوران میں نے خود کو بہتر کرنے پر کام کیا اور جیسا گیند باز بننا چاہتا ہوں ویسا بننے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ سری لنکا کے دورے کی شروعات اچھی تھی اور میرے خیال سے میں صحیح سمت میں جا رہا ہوں۔
لیچ نے مزید کہا کہ اسپن بولر ہونے کی وجہ سے دوسری اننگز میں وکٹ لینے سے ہمیشہ حوصلہ بلند ہوتا ہے۔ میں ایسا کھلاڑی ہوں جو کبھی مطمئن نہیں ہوتا اور مجھے اپنے کھیل میں مزید اصلاح کی ضرورت محسوس ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرے خیال سے ہندوستان ایک مضبوط ٹیم ہے اور اس نے حال ہی میں آسٹریلیا کو اس کے گھر میں شکست دی ہے، ہمارے لیے خود کو ثابت کرنے کا یہ بہترین موقع ہے۔