اسلام آباد: سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں اب تک 42 کروڑ سے زائد رقم جمع ہوگئی، نیا پاکستان سرٹیفکیٹس میں 27 کروڑ سے زائد سرمایہ کاری آئی۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹر فیصل جاوید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ تاحال روشن ڈیجیٹل اکاونٹ میں 42کروڑ 50 لاکھ ڈالر جمع کرائے گئے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے80 ہزار سےزائداکاؤنٹ کھلوائے، نیا پاکستان سرٹیفکیٹس میں 27 کروڑ سے زائد سرمایہ کاری آئی۔
یاد رہے 12 نومبر 2020 کو وزیراعظم عمران خان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے نیا پاکستان سرٹیفکیٹس کا اجرا کیا تھا ، ڈالرز پر 7 فیصد اور پاکستانی روپے پر 11 فیصد منافع فراہم کیا جائے گا ، شرعی اصول وقواعد کے مطابق اسلامی سرٹیفکیٹس 3 ماہ سے 5سال کی مدت کیلئے ستیاب ہوں گے۔
سینیٹر فیصل جاوید نے بتایا تھا کہ مقررہ مدت سے قبل بھی سرمایہ نکلوایا جاسکے گا، این آر پیز ہوں گی نہ ہی کوئی ٹیکس فائلنگ درکار ہوگی، صرف خالص منافع پر 10فیصدودہولڈنگ ٹیکس لاگوہوگا۔
بعد ازاں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کی زبردست پزیرائی پر وزیراعظم نے ایک بار پھر اوورسیز پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا تھا۔