لاہور : ہائی کورٹ نے تمام تعلیمی اداروں میں منشیات کی روک تھام کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کا حکم دیتے ہوئے عمل درآمد رپورٹ طلب کر لیا-
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس شاہد جمیل خان نے جوڈیشل ایکٹوازم پینل کی درخواست پر تعلیمی اداروں کی حدود میں منشیات اور سگریٹ نوشی پر پابندی کے لیے درخواست پر سماعت کی۔
کنسلٹنٹ انسداد منشیات مہم نے تعلیمی اداروں کے حوالے سے ہیلتھ پروفائل رپورٹ جمع کروائی ، رپورٹ کے مطابق 17 تعلیمی اداروں کا دورہ کیا،زیادہ تر تعلیمی ادارے ہیلتھ پروفائل رپورٹ بنانے میں ناکام رہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ تعلیمی اداروں کی حدود میں منشیات اور سگریٹ فروخت کئے جاتے ہیں،صدر، وزیراعظم اور متعلقہ حکام کو معاملے پر کارروائی کیلئے خطوط لکھے،حکومتی سطح پر تاحال منشیات اور سگریٹ نوشی کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات نہیں کئے گئے۔
درخواست میں کہا گیا کہ منشیات اور سگریٹس کی فروخت سے طلباء اس بری عادت کا شکار ہو رہے ہیں،عدالت تعلیمی اداروں کی حدود میں منشیات اور سگریٹ نوشی پر پابندی کا حکم دے۔
عدالت نے تمام تعلیمی اداروں میں منشیات کی روک تھام کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی حکم دیتے ہوئے عمل در آمد رپورٹ طلب کرلی۔