تازہ ترین

وفاقی وزیر داخلہ کا پی ڈی ایم سربراہ کو اہم مشورہ

راولپنڈی: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے پی ڈی ایم سربراہ کو انوکھا مشورہ دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ پی ڈی ایم کے غصے میں کمی آچکی ہے، فضل الرحمان اگر سینیٹ الیکشن میں خود حصہ لیں گے تو انکے غصے میں بھی کمی ہوجائےگی، پی ڈی ایم لانگ مارچ یا عدم اعتماد سے آگے نہیں جائے گی، جو کہہ رہے ہیں استعفے دیں گے انہیں اپنے فیصلے پر غور کرنا چاہئے کیونکہ جمہوریت کو طاقت ڈائیلاگ سے ملتی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو سینیٹ اوپن بیلٹ الیکشن میں حصہ لینا چاہیے، اپوزیشن سے توقع رکھتا ہوں کہ عقل کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑیں گے، جس نے الیکشن لڑنا ہوتاہے وہ مارکیٹ میں ہوتا ہے، کیونکہ اسی سینیٹ میں ایک دیوار کے پیچھے جانے سے اپوزیشن کے ووٹ چونسٹھ سے چوالیس ہوگئے تھے، عمران خان چاہتے ہیں ووٹوں کی خرید و فروخت نہ ہو، ارکان اسمبلی میں جرات ہو وہ سینہ تان کر ووٹ دےسکے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن مارچ میں ہوں گے جن سے جمہوریت مزید مضبوط ہوگی، سیاست بند گلی میں داخل ہونے کا نام نہیں، سیاست میں مذاکرات ہی بہترین آپشن ہوتا ہے، ہم اپوزیشن کو کوئی ٹف ٹائم نہیں دے رہے ، جو وہ کریں گے وہی ہم کریں گے، پیپلز پارٹی سے میرا کوئی رابطہ نہیں ہے۔

Comments

- Advertisement -