کراچی: سندھ میں 979 فرنٹ لائن ورکروں کو کورونا ویکسین لگادی گئی ، جن میں جناح اسپتال، قطر اسپتال، سندھ گورنمنٹ اسپتال نیو کراچی اور لیاقت آباد اسپتال کے فرنٹ لائن ورکرز شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت حکومت سندھ نے کورونا ویکسین لگوانے والے فرنٹ لائن ورکر کا ڈیٹا جاری کردیا، جس میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران 979 فرنٹ لائن ورکروں کو ویکسینیشن فراہم کی جا چکی ہے۔
کراچی میں خالق دینا ہال میں اب تک 108،جناح اسپتال میں34فرنٹ لائن ورکر ، ڈاو یونیورسٹی اوجھا کیمپس میں102، قطر اسپتال میں 75فرنٹ لائن ورکر کو ویکسین فراہم کی گئی۔
سندھ گورنمنٹ اسپتال نیو کراچی میں14 ،لیاقت آباد اسپتال میں113فرنٹ لائن ورکر، چلڈرن اسپتال میں36،سندھ گورنمنٹ اسپتال کورنگی میں37فرنٹ لائن ورکر کو ویکسین لگائی گئی۔
کراچی:اربن ہیلتھ یونٹ تھڈو نالو ملیر میں145فرنٹ لائن ورکروں ، لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کے129فرنٹ لائن ورکرز اور شہید بے نظیر آباد کے ایم سی ایچ سینٹر میں186فرنٹ لائن ورکر کو ویکسین فراہم کی گئی۔
گذشتہ روز وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کورونا ویکسی نیشن کاآغازکیا تھا ، اس موقع پرمرادعلی شاہ نے کہا تھا کہ چین ہمیشہ سے پاکستان کا دیریہ تعلق رہا ہے ، چین پہلا ملک ہے جس نے ہماری کوروناویکسین کیلئے مدد کی اور حکومت پاکستان کو 5لاکھ ویکسین تحفہ میں دی۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا ویکسین کا معاملہ سنجیدہ ہے یہ کوئی مذاق نہیں ہے ، وفاق کی جانب سےہمیں کل ویکسین فراہم کی گئی ہیں ،کوروناکی 83 ہزار ویکسین سندھ پہنچی ہیں، کراچی،حیدرآبادسمیت دیگرشہروں میں ویکسین سینٹربنائے ہیں۔