جمعہ, دسمبر 27, 2024
اشتہار

کسان تحریک، مظاہرین کا بچوں کی شادیوں کے سلسلے میں انوکھا قدم

اشتہار

حیرت انگیز

نئی دہلی: بھارت میں کسان تحریک زوروں پر ہے، مظاہرین نے اب اپنے بچوں کی شادیوں کے سلسلے میں بھی انوکھا قدم اٹھا لیا۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کی کسان تحریک اب شادی کے کارڈز پر بھی نظر آنے لگی ہے، متنازعہ زرعی قوانین کے خلاف دہلی کی سرحدوں پر کسانوں کی تحریک کو تقریباً ڈھائی مہینے ہو گئے ہیں۔

بھارت کے کسانوں کی یہ تحریک فی الحال ختم ہوتی ہوئی نظر نہیں آ رہی، دوسری طرف مودی حکومت بھی ٹس سے مس نہیں ہو رہی، مودی حکومت کے ذریعے پاس کردہ زرعی قوانین کے خلاف کسان تحریک کا عکس اب شادی کے کارڈز پر بھی نظر آنے لگا ہے۔

- Advertisement -

ہریانہ کے کچھ کسانوں نے حکومت کے خلاف اپنی ناراضگی ظاہر کرنے کا ایک نیا طریقہ اختیار کیا ہے، وہ اپنے بچوں کی شادی کے کارڈز پر ایسے نعرے شائع کر رہے ہیں جو کسانوں کی آواز بلند کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

ایک شادی کارڈ پر’کسان نہیں، تو اَن (فصل) نہیں‘ نعرہ لکھا دیکھا گیا، شادی کارڈز پر کسانوں کے حق میں نعرے لکھے جانے کے ساتھ ساتھ کسان لیڈر سر چھوٹو رام کی تصویر بھی چھپوائی جا رہی ہے۔

یاد رہے کہ کسانوں کے مسیحا مانے جانے والے سر چھوٹو رام کی پیدائش 24 نومبر 1881 کو ہوئی تھی اور برطانوی دور میں انھوں نے کسانوں کے حق میں آواز بلند کی تھی۔

اپنے بیٹے کی شادی کے کارڈ پر نعرہ اور تصویر شائع کرنے والے کسان پریم سنگھ گویت نے کہا کہ ان قوانین کے خلاف ہزاروں کسان مظاہرہ کر رہے ہیں، ہم لوگ ان کی حمایت میں کھڑے ہیں، میرے بیٹے کی 20 فروری کو شادی ہونے والی ہے، مجھے لگا کہ کیوں نہ ہم دعوت نامے پر سر چھوٹو رام اور بھگت سنگھ کی تصویر چھپوائیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں