کوئٹہ: بلوچستان کے شہروں کوئٹہ اور سبی میں دو بم دھماکے کیے گئے ہیں، جن میں 2 افراد جاں بحق جب کہ 10 سے زائد زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ اور سبی میں یوم یکجہتی کشمیر کی ریلیوں پر بم دھماکوں میں دو افراد جاں بحق اور دس سے زائد زخمی ہوئے، جب کہ متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں دھماکے سے دو افراد جاں بحق اور چار زخمی ہوئے، دھماکے میں متعدد گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا، دھماکا کوئٹہ کے علاقے انسکمب روڈ پر کمشنر آفس کے سامنے ہوا۔
دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے جس میں ٹرک کے قریب دھماکے کے بعد راہگیروں کو بھاگتے ہوئے دیکھا گیا، ذرائع سول اسپتال کا کہنا تھا کہ دھماکے میں جاں بحق دو افراد کی لاشیں اور چار زخمی اسپتال لائے گئے۔
ادھر سبی میں بھی لونی روڈ چونگی کے قریب دھماکا ہوا جس میں 6 سے زائد افراد زخمی ہوگئے، پولیس کا کہنا ہے دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا، ذرائع کا کہنا ہے کہ کشمیر ریلی گزرنے کے بعد موٹر سائیکل میں نصب بم پھٹا۔
بلاول بھٹو نے سبی میں کشمیر ریلی پر دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ریلی کو نشانہ بنانے والے گجرات کے قصاب کے آلہ کار ہیں، مجرموں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔
سینیٹر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ اور سبی میں کشمیر یک جہتی ریلیوں پر دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا حملوں سے واضح ہے دہشت گردی کو کس کی پشت پناہی حاصل ہے، بھارت کا دہشت گردانہ چہرہ عیاں ہو چکا ہے۔
واضح رہے کہ آج کشمیریوں کی قربانیوں اور جذبہ حریت کو سلام پیش کرتے ہوئے ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر جوش و جذبے سے منایا گیا، اس موقع پر ملک بھر میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، اور کوہالہ پل پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی۔