دبئی: عرب ممالک کی تاریخ کے پہلے خلائی مشن منگل کو سیارہ مریخ کے مدار تک پہنچ جائے گا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات کا ’ہوپ‘ نامی خلائی مشن رواں ماہ چین اور امریکا کے خلائی جہازوں سے پہلے سیارہ مریخ تک پہنچ جائے گا۔
ماضی میں امریکا، بھات، سابق سوویت یونین اور یورپی خلائی ایجنسی سرخ سیارے مریخ تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
گزشتہ سال جولائی میں یو اے ای، امریکا اور چین نے خلائی مشن ایسے وقت پر روانہ کیے تھے جب سیارہ مریخ زمین کے بہت قریب ہوتا ہے۔
مشن کامیاب ہونے پر متحدہ عرب امارات مریخ تک پہنچنے والا پانچواں ملک ہوگا جبکہ یو اے ای کے بعد چین مریخ تک پہنچنے والا چھٹا ملک ہوگا۔
ہوپ مشن اپنی منزل پر پہنچنے کے بعد 687 دن تک مریخ کے مدار میں گردش کرے گا۔
اماراتی خلائی مشن کے پراجیکٹ مینیجر عمران شرف نے کہا کہ یہ ملک کے لیے انتہائی اعزاز کی بات ہے کہ متحدہ عرب امارات اس سال مریخ تک پہنچنے والا پہلا ملک ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ تمام ممالک کی خلا تک پہنچنے کی باہمی کوشش ہے اور عرب امارات کسی بھی دوڑ میں شامل نہیں ہے۔
ہوپ خلائی مشن کا مقصد سیارہ مریخ کے موسمی حالات کا اندازہ لگانا ہے، اور آئندہ ایک سو سال میں مریخ پر انسانوں کو آباد کرنا بھی اس مشن کے اہداف میں شامل ہے۔
مريخ کے درجہ حرارت کو مانیٹر کرنے کے لیے تین سائنسی آلات کا استعمال کیا جائے گا، درجہ حرارت کے حوالے سے معلومات رواں سال ستمبر میں زمین پر پہنچنا شروع ہوں گی۔