پی آئی اے کے دو ہزار کے قریب رضاکارانہ علیحدگی اسکیم کے تحت ملازمت سے فارغ ہونے والے ملازمین کو ابھی تک ان کے واجبات ادا نہیں کئے گئے۔
پی آئی اے کی جانب سے واجبات کی عدم ادائیگی کے باعث ملازمین مالی مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔ پی آئی اے نے اپنا خسارہ کم کرنے کے لیے وی ایس ایس نامی رضاکارانہ علیحدیگی اسکیم متعارف کرائی تھی۔
اسکیم کے تحت ملک بھر سے پی آئی اے کے دو ہزار کے قریب ملازمین نے اس اسکیم کے تحت ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔
پی ائی اے انتظامیہ نے 31 جنوری تک ان کے واجبات ادا کرنے تھے تاہم ابھی ان کے واجبات ادا نہیں ہو سکے۔
حکومت نے ریٹائرمنٹ لینے والے ملازمین کے واجبات کی فوری ادائیگی کے لیے 9 ارب 84 کروڑ روپے کے فنڈ بھی پی آئی اے انتظامیہ کو جاری کر دیئے تھے تاہم 9 ارب 84 کروڑ کے فنڈز ملنے کے باوجود پی آئی اے انتظامیہ بروقت ریٹائرمنٹ لینے والے ملازمین کو ان کی ادائیگی نہ کر سکی۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ ہم نے ان ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر لیے ہیں صرف اکاؤنٹنٹ جنرل کی طرف سے ان کا آڈٹ کیا جارہا ہے آئند ہ چند یوم میں مکمل ادائیگی کر دی جائے گی۔