بھارت کو پہلے ٹیسٹ میں شکست دینے کے بعد جو روٹ انگلینڈ کے سب سے زیادہ ٹیسٹ میچز جیتنے والے کپتانوں کی فہرست میں مائیکل وان کے برابر آگئے۔
مایہ ناز بیٹسمین جوروٹ کی قیادت میں انگلینڈ ٹیم 26 میچز میں فاتح رہی ہے اور وہ سب سے کامیاب انگلش کپتان بننے کا اعزاز حاصل کرنے کے لیے ایک قدم کی دوری پر ہیں۔
جو روٹ نے کپتانی میں انگلینڈ نے 47 میچز کھیلے جس میں سے وہ 26 میں کامیاب رہی جب کہ مائیکل وان نے 51 میں سے 26 میچز جیتے تھے۔
انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ میچز میں کپتانی اعزاز کک کے پاس ہے جن کی قیادت میں انگلش ٹیم نے 59 مقابلوں میں سے 24 جیتے تھے۔
روٹ نے ایشیا میں 6 میچز کھیلے اور تمام میں فاتح قرار پائے۔ ان کی پانچ کامیابیاں سری لنکا اور ایک بھارت کے خلاف ہے۔
یاد رہے کہ انگلینڈ نے بھارت کو چنئی ٹیسٹ میں227 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی، 420 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 192رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
انگلینڈ کے جیک لیچ نے چار اور فاسٹ بولر جیمز اینڈریسن نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، انگلش کپتان جو روٹ کو شاندار ڈبل سنچری اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔