اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے شجرکاری کیلئے جاپانی میا وا کی تکنیک کو بہترین قرار دیتے ہوئے کہا اس تکنیک سے درخت 10 گنا تیز اور 30 گنا زیادہ گھنے ہوتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میں نے جاپانی میا وا کی تکنیک کے تحت شہری شجرکاری کا آغازکردیا، جاپانی تکنیک سےدرخت 10 گنا تیز اور 30 گنا زیادہ گھنے ہوتے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ جاپانی تکنیک سے شجر کاری آلودگی سے لڑنے کا بہترین طریقہ ہے، لاہور میں درخت لگانے کے لیے 50مقامات کاکا انتخاب کیا گیا ہے، پہلا تجربہ 2020 میں لبرٹی چوک میں کیا گیا تھا۔
میں نےجاپانی اندازِشجرکاری مییاواکی، جو 10 گنا تیز افزائش کیساتھ پودوں کو 30 گنا زیادہ گھناکرتا اور آلودگی سےنجات میں مدد دیتاہے،کی طرزپرشہری علاقوں میں شجرکاری کاافتتاح کردیاہے۔لاہورمیں 50 مقامات منتخب کئےگئےہیں جبکہ پہلا تجربہ 2020میں لیبرٹی میں کیاگیا۔
pic.twitter.com/iOJcYi6sSn— Imran Khan (@ImranKhanPTI) February 13, 2021
گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے لاہور کے جیلانی پارک میں اربن فارسٹ منصوبے کا افتتاح کیا تھا ، افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے ہم سب کو بہت محنت کرنا پڑے گی، اس کے لئے پچاس مقامات پر اربن فاریسٹ لگانے کی سوچ اہم اور پہلا قدم ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ لاہور کے لوگ چاہتے ہیں کہ شہر میں درخت لگیں ہر طرف سبزہ ہو، ہم نے پاکستان بھر میں 10ارب درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے، لاہور کے شہریوں سے کہتا ہوں کہ اربن فاریسٹ کیلئے درخواست دے اور ہدف مقرر کریں۔
ماضی کی حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے حکومتیں پانچ سال کا سوچتی رہی، انہیں کہتا ہوں کہ ملک کے مستقبل پانچ سال کی پلاننگ سے نہیں بنتے، ہم نے جنگلات ختم کئے مگر کسی نے اثرات کے بارے میں نہیں سوچا،بغیرسوچے سیمنٹ کےجنگل بنانےسےلوگوں پر منفی اثرات آتےہیں۔