اتوار, جولائی 6, 2025
اشتہار

’’سینیٹ میں ایک نشست بھی نہ ملے لیکن حکومت سے بات نہیں ہوگی‘‘

اشتہار

حیرت انگیز

ڈسکہ: مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے عوام کے حق کے لیے آواز اٹھائی سر نہیں جھکایا، نواز شریف سے جتنا چاہے این آر او مانگو نہیں ملے گا، بے شک سینیٹ میں‌ ایک نشست بھی نہ ملے لیکن حکومت سے بات نہیں‌ ہوگی۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے ڈسکہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے 70 سال کی عمر میں بیماری کے باوجود دو بار بے گناہ جیل کاٹی، نواز شریف کی جنگ آٹا اور چینی چوروں کے ساتھ ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف کو کس بات کی سزا مل رہی ہے، انہیں کہا گیا کہ نواز شریف کا ساتھ چھوڑ دو، خواجہ آصف نے کہا مر جاؤں گا نواز شریف کا ساتھ نہیں چھوڑوں گا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے تین چار سال پہلے ہی کہا تھا عمران خان جاؤ کرکٹ کھیلو، بچے یہ تمہارے بس کا روگ نہیں ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ ایک کروڑ میں سے کسی کو ایک نوکری بھی نہیں ملی، 50 لاکھ گھروں کا وعدہ کیا تھا کسی کو ایک کمرہ بھی نہیں ملا، کیا پنجاب نواز شریف، شہباز شریف کے بغیر لاوارث نہیں ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن تمہارا کبھی ساتھ نہیں دے گی، نواز شریف سے جتنا چاہے این آر او مانگو، این آر او نہیں ملے گا، حکومت سے بات نہیں ہوگی، ہم اسلام آباد لانگ مارچ کرنے نکلیں گے، بے شک سینیٹ میں ایک نشست بھی نہ ملے لیکن حکومت سے بات نہیں ہوگی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں