بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

وزیر اعظم نے مجوزہ ایجوکیشن پالیسی کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کر دی

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے مجوزہ ایجوکیشن پالیسی کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم کی زیر صدارت تعلیم کے فروغ، ٹیکنالوجی کے استعمال اور اسکلڈ ایجوکیشن سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیر تعلیم شفقت محمود، سیکریٹری ایجوکیشن ڈاکٹر عطاالرحمان، سیکریٹری خارجہ، سیکریٹری آئی ٹی، چیئرمین این آئی ٹی بی سمیت چیئرمین نیو ٹیک اور نجی شعبے کے ماہرین نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیر تعلیم نے وزارت تعلیم کی جانب سے نظام تعلیم میں اصلاحات پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کرونا وبا کے دوران فاصلاتی تعلیم کے حوالے سے اقدامات کیے گئے، اسکلز فار آل، ڈیجیٹل لٹریسی اور نالج اکانومی کے منصوبے شروع کیے گئے، پس ماندہ علاقوں میں اسکول سے باہر بچوں کی تعلیم کے لیے اقدامات اٹھائے گئے۔

وزیر تعلیم نے کہا ہنرمند پاکستان پروگرام کے تحت 50 ہزار نوجوانوں کو تربیت دی گئی، ووکیشنل اداروں میں علم و ہنر کے حوالے سے قومی نصاب پر کام کیا گیا، وزارت تعلیم پاکستان ایجوکیشن پالیسی 2021 مرتب کر رہی ہے، ہم معیاری تعلیم کے حصول کے پیش نظر یکساں مواقع کی فراہمی کے لیے کوشاں ہیں۔ انھوں نے بریفنگ میں مزید کہا کہ روزگار کے مواقع سے مطابقت رکھنے والی تعلیم اور ہنر کی فراہمی پر توجہ دی جا رہی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا ملک کی آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، ان کی صلاحیتوں سے استفادہ جدید علوم کے یکساں مواقع ہونے سے ہی ممکن ہے، اس لیے نوجوانوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نظام تعلیم سے آراستہ کیا جائے۔

اجلاس میں وزیر اعظم نے تعلیم کے فروغ کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کے عزم کا اعادہ کیا، اور کہا تعلیم موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، مجوزہ ایجوکیشن پالیسی کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے، صوبوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے مل کر تعلیم کے فروغ کے لیے روڈ میپ تیار کیا جائے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں