لاہور: وزیر صحت پنجاب کی ہدایت پر ٹائیفائیڈ کے حفاظتی ٹیکوں کی مہم میں 2 دن کا مزید اضافہ کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق سیکریٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کیپٹن محمد عثمان نے ٹائیفائیڈ کے حفاظتی ٹیکوں کی مہم میں دو دن کے اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
کیپٹن عثمان کا کہنا ہے کہ یکم فروری سے جاری مہم میں محروم رہ جانے والے بچوں کے لیے 2 دن کی توسع کی گئی ہے، اس وقت 12 اضلاع کے شہری علاقوں میں ٹائیفائیڈ کے حفاظتی ٹیکوں کی مہم جاری ہے۔
سیکریٹری ہیلتھ کیئر کے مطابق اب تک 1 کروڑ 12 لاکھ 85 ہزار سے زائد بچوں کو ٹیکے لگ چکے ہیں، جب کہ 9 لاکھ بچے مہم کے پہلے 15 روز میں مختلف وجوہ سے محروم رہ گئے۔
انھوں نے کہا ٹائیفائیڈ کے حفاظتی ٹیکہ جات مہم کے دوران بہترین نتائج حاصل ہوئے ہیں، والدین سے گزارش ہے کہ 12 اضلاع میں رہ جانے والے بچوں کو ہر صورت میں حفاظتی ٹیکے لگوا لیں۔
سیکریٹری ہیلتھ کیئر کا کہنا تھا کہ رہ جانے والے 12 اضلاع میں 9 ماہ سے بڑے بچوں کے لیے ٹائیفائیڈ حفاظتی ٹیکوں کا واحد موقع ہے۔