نئی دہلی: بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی ایک بار پھر امپائر سے الجھ گئے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق بھارت اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران بھارتی ٹیم کپتان ویرات کوہلی جو روٹ کو ناٹ آؤٹ قرار دیے جانے پر امپائر نتن مینن سے الجھ گئے، واضح رہے کہ بھارت نے انگلینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میں 317 رنز سے شکست دی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ امپائر نے جو روٹ کے ایل بی ڈبلیو پر ناٹ آؤٹ قرار دیا، ویرات نے ریویو لیا تو امپائر کال پر تھرڈ امپائر نے بھی جو روٹ کو ناٹ آؤٹ قرار دیا جس کے بعد ویرات کوہلی آپے سے باہر ہوگئے اور امپائر سے بحث کرنے لگے۔
Virat kohli angry on umpire#INDvsENG pic.twitter.com/kToF4QBg8x
— Ashish Yadav (@ashishcricket24) February 15, 2021
ویرات کوہلی کے رویے پر سابق انگلش کھلاڑیوں کی جانب سے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
سابق انگلش کپتان مائیکل وان نے ویرات کوہلی کے رویے پر کہا کہ بطور کپتان آپ امپائر سے ایسا رویہ اختیار نہیں کرسکتے۔
ڈیوڈ لائیڈ نے کہا کہ ویرات کوہلی امپائر سے اس طرح بات نہیں کرسکتے انہوں نے بطور کپتان اچھی مثال قائم نہیں کی۔
واضح رہے کہ یہ پہلی بار نہیں ہے کہ کوہلی کسی امپائر سے الجھے ہیں اس سے قبل بھی وہ سری لنکن امپائر سے آؤٹ نہ دینے پر الجھ گئے تھے۔
یاد رہے کہ آج بھارت نے انگلینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں 317 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی ہے جس کے بعد چار میچز کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی ہے۔