بھارت کے خلاف انگلینڈ کے اہم کھلاڑی معین علی تیسرے اور چوتھے ٹیسٹ میں دستیاب نہیں ہوں گے، کرونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے معین فی الحال اپنے گھر جانا چاہتے ہیں۔
انگلینڈ کے کپتان جوروٹ نے منگل کے روز میچ کے بعد تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ معین واپس اپنے گھر جارہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ کھلاڑیوں کو کوئی پریشانی نہ ہو۔
یاد رہے کہ معین علی کے لیے گزشتہ کچھ ماہ کافی مشکل رہے ہیں، سری لنکا پہنچنے پر کرونا وائرس سے متاثر ہونے کی وجہ سے انہیں کافی وقت تک کرکٹ سے دور رہنا پڑا۔
وہ بھارت کے خلاف موجودہ ٹیسٹ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں بھی شرکت نہ کرسکے۔
معین کے جانے کے بعد جانی بیرسٹو اور مارک ووڈ ٹیسٹ سیریز کے لیے انگلینڈ کی 17 رکنی ٹیم میں واپس آئیں گے، انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کی طرف سے دونوں کھلاڑیوں کا نام پہلے ہی تیسرے ٹیسٹ کے لیے طے شدہ تھا جو 24 فروری سے شروع ہوگا۔
معین نے بھارت کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں 8 وکٹیں لی تھیں اور دوسری اننگز میں 43 رنز بنائے تھے۔
تیسرے ٹیسٹ کے لیے انگلینڈ کی 17 رکنی ٹیم میں جوروٹ، جیمس اینڈرسن، جوفرا آرچر، جانی بیرسٹو، ڈومنک بیس، اسٹورٹ براڈ، روری برنس، جیک کرالے، بین فوکس، ڈین لارنس، جیک لچ، اولی پوپ، ڈوم سبلے، بین اسٹوکس، اولی اسٹون، کرس ووکس اور مارک وڈ شامل ہیں۔