کنشاسا : جمہوریہ کانگو کے دارالحکومت میں بھی پر اسرار دھاتی ستون نمودار ہوا، جسے مقامی شہریوں نے نذر آتش کردیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کے امریکا کے بعد یورپی ممالک میں نمودار ہونے والا دھاتی ستون افریقہ ملک کانگو میں بھی نمودار ہوگیا۔
پراسرار ستون کانگو کے دارالحکومت کنشاسا کے بینڈل نامی علاقے میں ہفتے کے روز نمودار ہوا تھا، جس کی اونچائی 12 فٹ بتائی گئی ہے۔
ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ مقامی شہریوں نے پراسرار دھاتی ستون کے ساتھ سیلفیاں لیں، بعدازاں اسے لاٹھیوں سے تباہ کرکے نذر آتش کردیا۔
کنشاسا کے ایک مقامی شہری نے کہا کہ ہم صبح اٹھے تو مثلث دھاتی ستون کو دیکھ کر حیران رہ گئے کیونکہ ہم نے فلموں میں مثلث کو فری میسن اور الیومینیٹی کے نشان کے طور پر دیکھا تھا۔
ترکی کے قدیم ترین مقام پر پراسرار دھاتی ستون نمودار
خیال رہے کہ گزشتہ برس نومبر میں یہ پراسرار دھاتی ستون امریکی ریاست یوٹاہ کے ایک صحرا میں نمودار ہوا تھا، جس کے بعد رومانیہ اور رواں کے شروع میں ترکی کے تاریخی علاقے میں دیکھا گیا تھا۔
یوٹاہ میں جس مثلث ستون کو دیکھا گیا تھا وہ راتوں رات پراسرار طور پر غائب ہوگیا تھا تاہم صحرا میں اس پراسرار دھاتی ستون کو ہٹاتے ہوئے چار افراد کی تصویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔