ماسکو: انسانوں میں ایک نئے وائرس کے پہلے کیس کے سلسلے میں روس نے دنیا کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔
تفصیلات کے مطابق دنیا میں پہلی مرتبہ پرندوں میں پائے جانے والے برڈ فلو وائرس کی ایک خاص قسم کی انسانوں میں تشخیص ہوئی ہے۔
روس کا کہنا ہے کہ برڈ فلو کی قسم ایچ 5 این 8 کا انسانوں میں پہلا کیس رپورٹ ہوا ہے، چند دن قبل ایک پولٹری فارم پر کام کرنے والے 7 پولٹری ورکرز کے برڈ فلو میں مبتلا ہونے کی اطلاع ملی تھی۔
روسی حکام نے ڈبلیو ایچ او کو 7 پولٹری ورکرز کے مبتلا ہونے سے آگاہ کر دیا، روسی ہیلتھ آفیشل کا کہنا تھا کہ برڈ فلو سے متاثر تمام افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔
جاپان: مرغیاں خطرہ بن گئیں، حکومت کا بڑا فیصلہ
امریکی اخبار بلوم برگ نے بھی روسی وزارت صحت کے چیف انا پوپوا کے حوالے سے کہا ہے کہ روس کے جنوب میں واقع ایک پولٹری فارم پر کام کرنے والے سات ورکرز میں برڈ فلو کی تشخیص ہوئی۔
انا پوپوا کا کہنا تھا اگرچہ اس وقت انسانی صحت کو برڈ فلو سے کم خطرہ ہے اور یہ وائرس ایک شخص سے دوسرے میں منتقل نہیں ہوتا، تاہم دیکھنا یہ ہے کہ مستقبل میں انسانوں میں اس وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے عالمی سطح پر کون سے اقدامات اٹھائے جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ پرندوں میں ایچ 5 این 8 کا پہلا کیس نومبر میں برطانیہ میں رپورٹ ہوا تھا۔
ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ H5N8 وائرس انسانوں میں شاذ و نادر ہی پایا جاتا ہے تاہم ان افراد میں اس کے پھیلنے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے جو مردہ متاثرہ پرندوں اور ان کے ارد گرد کے ماحول میں رہ رہے ہوں۔ ماہرین کے مطابق برڈ فلو کا یہ وائرس انسانوں میں شدید بیماری اور موت کا سبب بھی بن سکتا ہے۔