چنائی: بھارت کی مقامی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے اداکار کی دوست کے گھر سے لاش برآمد ہوئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق تامل ٹی وی کے اداکار ایندرا کمار ایک روز قبل چنائی میں اپنے دوست کے گھر گئے جہاں دونوں نے رات کو ایک ساتھ بیٹھ کر فلم دیکھی۔
اداکار نے رات کے وقت اپنے دوست کے گھر میں ہی قیام کیا اور وہ کمرے کے باہر سوگئے تھے، اگلی صبح جب ایندرا کمار کو دوست نے اٹھایا تو وہ نہیں اٹھے اور سوتے رہ گئے۔
دوست کے مطابق جب ایندرا صبح کے وقت نہیں آئے تو وہ انہیں دیکھنے کے لیے پہنچے، جہاں معلوم ہوا کہ اداکار اب اس دنیا میں نہیں رہے۔
مزید پڑھیں: بالی ووڈ کے ایک اور اداکار نے خودکشی کرلی
پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیا اور واقعے کا نوٹس لے کر تحقیقات کا آغاز کردیا۔ ایندرا کمار کے سوگواران میں ایک بیوی اور بیٹا شامل ہے۔ پولیس کو خدشہ ہے کہ اداکار نے خودکشی کی البتہ اس دعوے کو حتمی نہیں کہا گیا۔
واضح رہے کہ رواں ہفتے مہندرا سنگھ دھونی کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم میں شامل اداکار سندیپ نہار نے بھی خودکشی کی تھی۔ بعد ازاں اُن کی آخری تحریر بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر سامنے آئی تھی۔
پولیس نے اداکار کی موت کا مقدمہ اُن کی اہلیہ کنچن اور ساس کے خلاف درج کیا تھا کیونکہ سندیپ نے اپنی آخری تحریر میں دونوں کو ہی ذمہ دار قرار دیا تھا۔