اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کا کل ایک روزہ دورہ پر لاہور آنے کا امکان ہے، دورے میں سینٹ الیکشن کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف اور اتحادی ارکان اسمبلی سے ملاقات کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا کل ایک روزہ دورہ پر لاہور آنے کا امکان ہے ، ایک روزہ دورے کے دوران وزیر اعظم عمران خان وزیر اعلی سردار عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان تین مارچ کو ہونےوالے سینٹ الیکشن کے حوالے سےپاکستان تحریک انصاف اور اتحادی ارکان اسمبلی سے ملاقات کریں گے اور ایوانِ وزیر اعلی میں اعلی سطح اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔
دورہ لاہور کے دوران عمران خان کو والٹن ایئرپورٹ کی جگہ ایک میگا بزنس سنٹر بنانے کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی اور وزیراعظم اس میگا بزنس سنٹر کی تعمیر کی منظوری دیں گے۔
یاد رہے وزیراعظم عمران خان سے مشیرپارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان کا رابطہ ہوا، جس میں اسمبلی اجلاس اور آئینی وقانونی امورسمیت سینیٹ الیکشن پرمشاورت کی گئی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ اوپن ووٹنگ سینیٹ میں ہارس ٹریڈنگ روکنےکاواحدراستہ ہے، سینیٹ الیکشن ہائی جیک کرنیوالےجمہوریت پردھبہ ہیں۔
خیال رہے سینیٹ انتخابات کے لیے 3 مارچ کوچاروں صوبائی اور قومی اسمبلی میں پولنگ ہوگی ،پولنگ کا عمل صبح 9 سے لے کر شام 5 تک جاری رہے گا۔