ریاض: سعودی عرب نے اپنی تاریخ میں پہلی بار ریاستی بانڈ یورو میں جاری کردئیے۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں ریاستی بانڈ کے پہلے ایڈیشن کا اعلان گزشتہ روز کیا گیا اور اسی دن شام کو ہدف بھی حاصل کرلیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق اس سلسلے میں یورپی ریاستی بانڈز کا طریقہ کار اپنایا گیا، ایک ہی دن میں بانڈز خریدنے والوں کی درخواست ریکارڈ تعداد میں وصول کرلی گئیں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں سرکاری قرضہ جات کے منتظم قومی مرکز نے اپنی تاریخ میں پہلی بار یورپی یورو منڈی میں قسمت آزمائی کے موقع سے فائدہ اٹھایا ہے، سعودی عرب نے بانڈز کے خریداروں سے ڈیڑھ ارب یورو جمع کرلیے۔
سعودی عرب کی جانب سے بانڈز دو زمروں میں پیش کیے گئے پہلے زمرے میں تین سالہ بانڈز رکھے گئے ان کی قدر ایک ارب یورو تھی، انہیں 2024 میں کیش کرایا جاسکے گا، ان پر منفی منافع کی شرح 0.6 فیصد رکھی گئی ہے۔
دوسرے زمرے میں 9 سالہ بانڈز میں ان کی قد کا تخمینہ پچاس کروڑ یورو ہے، انہیں 2030 میں کیش کرایا جاسکے گا، ان پر منافع کی شرح ایک فیصد سے کم ہے۔
رپورٹ کے مطابق سعودی ریاستی بانڈز کے یورو ایڈیشن نے ثابت کردیا کہ سرمایہ کار سعودی معیشت کو مستحکم مان رہے ہیں۔
یاد رہے کہ سعودی عرب 2016 سے عالمی منڈی میں بانڈز جاری کررہا ہے، امسال 2021 میں بانڈز کا یہ دوسرا ایڈیشن جاری کیا گیا ہے اس سے قبل جنوری میں پانچ ارب ڈالر کے بانڈز جاری کیے تھے۔