کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں22مئی 2020 کو لاہور سے کراچی آنے والے پی آئی اے طیارے کو حادثہ پیش آیا تھا جس میں97 مسافر جاں بحق جبکہ دو معجزانہ طور پر بچ گئے تھے، ان میں سے ایک مسافر پنجاب بینک کے صدر ظفر مسعود بھی تھے۔
ظفر مسعود پاکستان ٹیلی وژن کے نامور اداکار منور سعید کے صاحبزادے بھی ہیں۔ حادثے میں نئی زندگی پانے والے ظفر مسعود نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئےاس دن کے حوالے سے اپنی یادیں ناظرین سے شیئر کیں۔
ظفر مسعود نے بتایا کہ طیارہ گرنے سے 30سیکنڈ پہلے مجھے یقین تھا کہ حادثہ ہونے والاہے اور مجھے ایسا محسوس ہوا کہ میں زندہ بچ جاؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ جہاز کریش ہونے کے دوران ہی میں بے ہوش ہوگیا تھا جب ہوش آیا تو مجھے اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی تھی۔ شکر ہے میں نے وہ خوفناک منظر نہیں دیکھا۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام مسافروں ساتھ جو حادثہ پیش آیا ہے اس کے اثرات اتنی آسانی سے ذہن سے نہیں نکل سکتے، وقت کے ساتھ ہی اس میں کمی ہوسکتی ہے وہ اب بھی ذہنی دباؤ میں ہیں۔
واضح رہے کہ پی آئی اے کے طیارے کے حادثے میں ایک اور مسافر کی زندگی بھی بچ گئی تھی، بدقسمت طیارےکے حادثے میں زندہ بچ جانے والا دوسرا خوش نصیب محمد زبیرتھا۔