تازہ ترین

حکومت کی تمام اتحادی جماعتوں کا حفیظ شیخ کی حمایت کا اعلان

اسلام آباد: سینیٹ الیکشن میں حکومت کی تمام اتحادی جماعتوں نے حفیظ شیخ کی حمایت کا اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق ق لیگ، ایم کیو ایم اور جی ڈی اے سمیت حکومت کی تمام اتحادی جماعتوں نے سینیٹ الیکشن میں حفیظ شیخ کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ حفیظ شیخ کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں اتحادی جماعتوں نے بھرپور یک جہتی کا اظہار کیا۔

حفیظ شیخ نے کہا تین مارچ تاریخی دن ہوگا، پی ٹی آئی سینیٹ میں اکثریت حاصل کرے گی، ہم چاہتے ہیں الیکشن میں پیسہ نہ چلے، گالم گلوچ نہ ہو، جمہوری طریقے سے ارکان اپنے حلقوں کی نمائندگی کریں۔

انھوں نے کہا ہم سب ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے ہوئے ہیں، عوام چاہتے ہیں کہ قیادت ایمان دار ہو، اصل مسائل عوام کے ہیں جنھیں ہم حل کریں گے، ہم چاہتے ہیں سینیٹ الیکشن مہذب ہوں خرید و فروخت نہ ہو، اس سے پہلے بھی 3 بار سینیٹر منتخب ہو چکا ہوں، جب بھی موقع ملتا ہے ہم پاکستان کی خدمت کے لیے حاضر ہوتے ہیں۔

ایم کیو ایم کے امین الحق نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اراکین کو رجھانے کی کوششیں کی ہیں لیکن تمام اراکین وفاقی حکومت کے اتحادی ہونے کی وجہ سے متحد ہیں۔

انھوں نے کہا ایم کیو ایم جمہوریت، پارلیمنٹ کی بالا دستی اور بدعنوانی کے خاتمے کے لیے حکومت کے ساتھ ہے، پیپلز پارٹی کی حکومت نے سندھ کی ترقی پر توجہ نہیں دی، سندھ کے ارکان پارلیمنٹ کو ڈرایا دھمکایا اور رشوت کی پیش کش بھی کی جا رہی ہے۔

جی ڈی اے کی رہنما فہمیدہ مرزا نے کہا کہ تمام حلیف جماعتیں متحد ہیں، جی ڈی اے حکومت کی اتحادی جماعت ہے، سینیٹ الیکشن میں حفیظ شیخ کی حمایت کریں گے، سینیٹ کے راستے میں کرپشن ختم کرنے کے لیے دروازے بند کرنا ضروری ہے، اس لیے اسمبلی، سینیٹ سے قانون سازی نہ ہو تو آرڈیننس لانے پڑتے ہیں۔

ق لیگ کے طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ انشاء اللہ کامیابی حفیظ شیخ کی ہوگی، تمام اتحادی جماعتیں ان کے ساتھ ہیں۔

Comments

- Advertisement -