کراچی: پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ اب ہمارے پاس کھونے کے لیے کچھ نہیں، ایونٹ میں آگے بڑھنا ہے تو تمام شعبوں میں اچھا کھیل دکھانا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیٹنگ میں ایک اینڈ سے مدد نہیں ملی جس کے باعث کم اسکور کرسکے۔
سرفراز احمد نے کہا کہ لیگ اسپنر زاہد نے شاندار بولنگ کی لیکن انہیں بھی دوسرے اینڈ سے مدد نہیں ملی۔
گلیڈی ایٹرز کے کپتان نے کہا کہ اپنی بیٹنگ پر کام کررہا تھا اچھی پرفارم میں ہوں، آنے والے میچز میں بھی اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کروں گا۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی
انہوں نے کہا کہ پہلے چار اوور میں وکٹیں گریں جس کی وجہ سے بیٹنگ اچھی نہیں ہوسکی، پہلے وکٹیں حاصل کرنا بھی بہت ضروری ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ فہیم اشرف کی شاندار بولنگ کی وجہ سے میچ میں فتح ملی، پال اسٹرلنگ بھی اچھی اننگز کھیلی، کوشش ہے کہ جو بیٹسمین فارم میں ہیں انہیں موقع دیا جائے۔
خیال رہے کہ آج ہونے والے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو چھ وکٹوں سے شکست دی ہے۔ کوئٹہ کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 157 رنز کا ہدف دیا تھا جو اسلام آباد کی ٹیم نے 17 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ پی ایس ایل کے رواں سیزن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی یہ مسلسل چوتھی شکست ہے۔