کراچی: قومی ایئر لائن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا ہے کہ پی آئی اے عالمی ماہرین پر مشتمل بزنس پلان تیار کر رہی ہے جس سے ادارے کو دنیا بھر میں کامیابی حاصل ہوگی۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ارشد ملک کا کہنا تھا کہ قومی ایئر لائن کی بہتری کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے کہا کہ ادارے کو چیلنجز کا سامنا ہے لیکن اس کے باوجود ایئر لائن کی معاشی صورت حال بہتر بنانے کے لیے مختلف غیر ملکی سیکٹرز پر پروازوں کا آغاز اور تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔
انھوں نے کہا پی آئی اے عالمی ماہرین پر مشتمل بزنس پلان تیار کر رہی ہے جس سے پی آئی اے کو دنیا بھر میں کامیابی حاصل ہوگی۔
لاہور سے اسلام آباد جانے والے مسافروں کے لیے اچھی خبر
ایئر مارشل کا کہنا تھا کرونا وبا کی وجہ سے پی آئی اے سمیت ایوی ایشن کی صنعت بری طرح متاثر ہوئی ہے، کرونا سے ہونے والے مالی نقصان اور آئندہ کے بچاؤ کے لیے وزیر اعظم سے ایوی ایشن پالیسی کو متوازن بنانے کی درخواست کی ہے۔
انھوں نے بتایا کہ پی آئی اے کی تاشقند باکو کے لیے ہفتہ وار 2 پروازیں شروع کی جا رہی ہیں، بشکک کے لیے چارٹر اور کمرشل پروازیں جلد شروع کی جائیں گی جب کہ کابل کے لیے ہفتہ وار 5 پروازیں آپریٹ کی جا رہی ہیں۔
چیف ایگزیکٹو نے کہا نئے سیکٹرز کے لیے 8 طیاروں کا ٹینڈر جاری کر دیا گیا ہے، اے ٹی آر طیاروں کے حوالے سے غیر منافع بخش معاہدے کو وقت سے قبل ختم کرنے کے بعد اے ٹی آر واپسی کا آغاز کر دیا ہے۔