کراچی: واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نے شہر قائد کے علاقے غریب آباد میں کارروائی کر کے پانی چوری میں ملوث بڑے نیٹ ورک کو پکڑ لیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کی قائم کردہ پانی چوری کی روک تھام کے حوالے سے بنائی جانے والی ٹیم (اینٹی واٹر تھیفٹ) نے غریب آباد فرنیچر مارکیٹ میں کارروائی کی۔
کارروائی میں زیرزمین پانی چوری کرنے والا بڑا نیٹ ورک پکڑا گیا جس نے لیاری کو پانی فراہم کرنے والی 33 انچ لائن سے کنکشن لے رکھے تھے۔
ترجمان واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے مطابق واٹر مافیا نے لیاری کو پانی سپلائی کرنے والی 33 انچ پائپ لائن سے 3 کنکشن لے رکھے تھے، غیرقانونی کنکشن چھپانے کے لیے گروہ نے اوپر مکانات تعمیر کردیے تھے تاکہ چوری پکڑی نہ جاسکے۔
مزید پڑھیں: کراچی: سوئی گیس کمپنی کی لاکھوں گیلن پانی چوری کی کوشش ناکام
واٹربورڈ ترجمان کے مطابق ملزمان نے دکھاوے کے لئے ندی میں بورنگ کا نظام بھی بچھایا ہوا تھا۔ گروہ زیر زمین بڑے ٹینکوں میں پانی جمع کر کے اسے مہنگے داموں صنعتی علاقے میں فروخت کرتا تھا۔
واٹربورڈ کی ٹیم نے کارروائی کر کے تمام لائنیں توڑ دیں جبکہ پانی کے نمونے بھی حاصل کرلیے۔ واٹر بورڈ ترجمان کا کہنا ہے کہ پانی چوروں کے خلاف قانونی کارروائی کیلئے تیاری کی جارہی ہے۔