کویت سٹی : کورونا کے سدباب کیلئے کویت سول ایوی ایشن نے ملک میں داخلے کی منظوری کے حوالے سے تمام ایئر لائنز سے ایم یو این اے سسٹم کی منظوری کا مطالبہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں مقامی اخبار کے ذریعے جاری کردہ خبر کی تصدیق کرتے ہوئے سول ایوی ایشن نے 15ممالک کی ملک میں داخلے کی منظوری کے حوالے سے بڑی نوید سنا دی۔
سول ایوی ایشن کی جنرل انتظامیہ نے آج کویت بین الاقوامی ہوائی اڈے پر کام کرنے والی تمام ایئر لائنز کو ایک سرکلر جاری کیا ہے جس میں کویت سے باہر لیبارٹریوں کی جانچ پڑتال کے لئے ایم یو این اے سسٹم کی منظوری کا مطالبہ کیا گیا تاکہ اس سسٹم کو پروگرام سے لنک کیا جاسکے اور یہ یقینی بنایا جاسکے کہ کورونا ٹیسٹ کے سرٹیفکیٹ میں کوئی ردو بدل یا جعل سازی نہ ہوئی ہو اور ان کے جاری کردہ سرٹیفکیٹ قابل اعتماد ہوں۔
جاری کردہ سرکلر میں مزید کہا گیا کہ 15 ممالک کو پہلے مرحلے کے طور پر منظور کیا گیا ہے یعنی بھارت، فلپائن، بنگلہ دیش، سری لنکا، نیپال، امارات، ترکی، قطر، عمان، سعودی عرب، مصر، اردن، برطانیہ، فرانس اور امریکہ سے آنے والے مسافر اس سسٹم کے تحت ملک میں داخل ہوسکیں گے۔
سرکلر میں واضح کیا گیا ہے کہ اس نظام کو نافذ کیا جائے گا اور تمام ممالک کے لئے ایک پروگرام شدہ ٹائم پلان کے مطابق بیرونی لیبارٹریوں کو منسلک کیا جائے گا جبکہ اسی دوران باقی ممالک کے لئے بھی وقتاً فوقتا سرکلر جاری کیا جائے گا۔
اخبار کے مطابق پی سی آر سرٹیفکیٹ کی جعل سازی کو روکنے کے لئے رابطے کا عمل مکمل ہوتے ہی یہ نظام 15ممالک سے آنے والے تمام لوگوں پر لاگو ہوگا۔
یاد رہے کہ کویت میں فی الحال غیرملکی افراد کے داخلے پر مکمل پابندی عائد ہے اور مذکورہ بالا سسٹم کویت میں داخل ہونے والے افراد پر اس وقت لاگو ہو گا جب کویت کی جانب سے ان ممالک کی پروازیں بحال کی جائیں گی۔