جہلم: صوبہ پنجاب کے شہر جہلم میں دن دیہاڑے مبینہ طور پر اغوا کی گئی طالبہ گھر پہنچ گئی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق جہلم کے علاقے مشین محلہ نمبر دو کے رہائشی والد نے سٹی تھانے میں درخواست دی تھی کہ ان کی بیٹی کو اغوا کرلیا گیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ میٹرک کی طالبہ گھر پہنچ گئی وہ محلہ دار کے ساتھ گئی تھی۔
پولیس کے مطابق طالبہ نے پولیس کو تحریری درخواست دی اور بتایا کہ مجھے اغوا نہیں کیا گیا، طبیعت خراب ہونے پر محلے کا رہائشی مجھے گھر چھوڑ گیا۔
والد نے پولیس کو تحریری بیان میں بتایا کہ میری بیٹی کو اغوا نہیں کیا گیا۔
مزید پڑھیں: جہلم: دن دیہاڑے طالبہ کا اغوا
پولیس کے مطابق لڑکی کی والدہ نے درخواست دی کہ وہ ڈبل کیبن گاڑی میں بیٹی کے ساتھ تھی اور بیٹی کی طبعیت خراب ہونے پر محلے دار بلال مظفر سے لفٹ لی تھی جبکہ شوہر کو شک ہوا کہ بیٹی کو اغوا کیا جارہا ہے اور گھبراہٹ میں بلال مظفر نے گاڑی آگے بڑھادی۔
پولیس نے لڑکی اور والدین کی درخواست کے بعد کہا کہ جب والدین نے درخواست ہی واپس لے لی ہے تو کسی کے خلاف کارروائی کا کوئی جواز ہی نہیں بنتا۔