لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ 60سال سے زائد عمر کے بزرگ ویکسی نیشن کی رجسٹریشن کے لیے شناختی کارڈ نمبر1166پر بھیجیں۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ شناختی کارڈ نمبر ارسال کرنے کے بعد جوابی تفصیل موصول ہونے پر متعلقہ ویکسی نیشن سینٹر سے رجوع کریں، 104سینٹرز پر بزرگوں کی ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ عثمان بزدارویکسی نیشن کے اقدامات کا خود جائزہ لے رہے ہیں۔
معاون خصوصی نے کہا کہ ویکسی نیشن کے لیے شہریوں کو تمام سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، ایک لاکھ سے زائد ہیلتھ ورکرز کو ویکسین لگائی جاچکی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ویکسی نیشن مرحلہ وار ہر شہری تک پہنچاکر انہیں محفوظ بنانا ہمارا عزم ہے۔