بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

کرونا وائرس سے موت کا خطرہ کن افراد کو زیادہ ہے؟

اشتہار

حیرت انگیز

اب تک دیکھا جاچکا ہے کہ کرونا وائرس بعض افراد کو بہت زیادہ اور بعض افراد کو بہت کم متاثر کرتا ہے، ماہرین نے اس کی وجہ تلاش کرنے کی کوشش کی ہے۔

بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق ماہرین نے یہ جاننے کی کوشش کی ہے کہ کن افراد میں کووڈ 19 کی شدت زیادہ اور موت کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔

برطانیہ میں ہونے والی اس تحقیق کے مطابق سست رفتاری سے چلنے کے عادی افراد میں کووڈ 19 سے موت کا خطرہ لگ بھگ 4 گنا جبکہ سنگین حد تک بیمار ہونے کا امکان 2 گنا سے زیادہ ہوتا ہے۔

اس تحقیق میں 4 لاکھ 12 ہزار سے زیادہ درمیانی عمر کے افراد کو شامل کیا گیا، ان افراد کے جسمانی وزن اور چلنے کی رفتار کا موانہ کووڈ 19 سے بہت زیادہ بیمار ہونے اور موت کے خطرے سے کیا گیا۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ تیز رفتاری سے چلنے والوں کے مقابلے میں نارمل وزن کے حامل سست روی سے چلنے والے افراد میں کووڈ 19 کی شدت سنگین ہونے اور موت کا خطرہ بالترتیب ڈھائی گنا اور 3.75 گنا زیادہ ہوتا ہے۔

ماہرین نے بتایا کہ ہم یہ پہلے سے جانتے ہیں کہ موٹاپا کووڈ 19 کے نتائج کو بدترین بنانے والا عنصر ہے، مگر یہ پہلی تحقیق ہے جس میں ثابت کیا گیا ہے کہ سست روی سے چلنے والے افراد میں بیماری کی شدت سنگین ہونے کا خطرہ بہت زیادہ ہوتا ہے، چاہے وزن جتنا بھی ہو۔

تحقیق میں یہ بھی دریافت کیا گیا کہ تیز رفتاری سے چلنے والے فربہ افراد میں اس بیماری کی زیادہ شدت اور موت کا خطرہ سست روی سے چلنے والے لوگوں سے کم ہوتا ہے، تاہم جسمانی وزن زیادہ ہو اور چلنے کی رفتار بھی کم ہو تو یہ خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ہمارے خیال میں عوامی صحت اور تحقیقی رپورٹس میں جسمانی وزن کے ساتھ جسمانی فٹنس کے عام اقدامات جیسے چلنے کی رفتار کو شامل کرنے پر غور کیا جانا چاہیئے کیونکہ یہ کووڈ 19 کے شکار ہونے پر نتائج کی پیش گوئی کرنے والے عناصر ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں