کراچی: شہر قائد کے علاقے سائٹ ایریا میں رکن سندھ اسمبلی کے دفتر کے باہر سے دستی بم برآمد ہوا، پولیس حکام کے مطابق دستی بم اندر سے خالی تھا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے سائٹ ایریا میں واقع پٹھان کالونی میں تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی سعید آفریدی کے دفتر کے قریب سے دستی بم برآمد ہوا۔
پولیس حکام نے بم برآمدگی کی تصدیق کی اور بتایا کہ ہینڈ گرینڈ کو پلاسٹک کی تھیلی میں چھپا کر رکھا گیا تھا۔ پولیس نے جائے وقوعہ پہنچنے کے بعد حفاظتی اقدامات کے تحت علاقہ مکینوں کو مذکورہ مقام سے دور کیا اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہلکاروں کو طلب کیا۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے نے معائنے کے بعد پولیس حکام کو آگاہ کیا کہ تھیلی سے ایک خالی دستی بم اور بال برآمد ہوئی۔ بی ڈی ایس نے خالی دستی بم کو تحویل میں لے لیا۔
پولیس حکام کے مطابق خاکروب کو گٹر سے شاپر ملا،جس میں دستی بم تھا تو اُس نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی، یہ تھیلی تحریک انصاف کے دفتر کے کافی فاصلے پر موجود تھی۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی نے اس حوالے سے بیان جاری کیا، جس میں اُن کا کہنا تھا کہ ’شہر میں ایک بار پھر دہشت گردی بڑھ رہی ہے، ہم ان اوچھے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں‘۔ اُن کا کہنا تھا کہ ’دہشت گردوں کےحملے میں والد سمیت خاندان7 کےافراد شہید ہوچکے ہیں۔
سعید آفریدی کا کہنا تھا کہ دو روزقبل اورنگی ٹاؤن پانچ نمبر کے قریب رینجرز کی گاڑی پر بھی حملہ کیا گیا، ہم دہشت گردی کےحوالے سے سندھ حکومت کو آگاہ کرچکےہیں، اُس کے باوجود حکومت نے سیکیورٹی واپس لے لی ہے۔
رکن اسمبلی کا کہنا تھا کہ ’شہداکی قربانیوں سے قائم ہونے والے امن خراب ہونے نہیں دیں گے، سندھ حکومت امن امان سمیت ہر چیز میں مکمل ناکام ہوچکی ہے، ڈی جی رینجرز شہرکےحالات پر فوری نوٹس لیں۔
واضح رہے کہ سعید آفریدی سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 120 (ویسٹ) سے 2018 کے انتخابات میں تحریک انصاف کے رکن اسمبلی منتخب ہوئے۔