کراچی : شہر قائد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں گرمی اپنے قدم جما رہی ہے، گرمی کے موسم میں جسم سے پانی پسینے کے ذریعے خارج ہوتا ہے اس لئے پیاس بھی شدید لگتی ہے۔
پیاس کی شدت کو کم کرنے اور جسم میں نمکیات کی مقدار کو برقرار رکھنے کیلئے گھر میں بنے مشروبات فرحت بخش اور مفید ہوتے ہیں۔
جس سے جسم میں تقویت کے ساتھ ساتھ پانی کی کمی بھی پوری ہوجاتی ہے، شدید گرمی کا اثر کم کرنے اور ترو تازہ رہنے کیلئے فرحت بخش مشروبات جو آپ گھر پرباآسانی بناسکتے ہیں۔
اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں ڈاکٹر بلقیس نے ناظرین کو گرمی سے بچاؤ کیلئے مفید مشورے دیئے اور مشروبات کی اہمیت سے آگاہ کیا۔
ڈاکٹر بلقیس نے بتایا کہ گرمی کی شدت کو کم کرنے کیلئے سب سے پہلے لسی یا کچی کا ستعمال بہت اہمیت کا حامل ہے اس کے علاوہ ملیٹھی کا پانی بھی اس کیلئے مفید ہے۔
انہوں نے بتایا کہ آدھا چمچ ملیٹھی ایک لیٹر نیم گرم پانی میں ڈال کر استعمال کریں، اس کیلیے کوئی عمر کی قید نہیں مریض بھی اسے استعمال کرسکتے ہیں کیونکہ یہ پیاس کی شدت کو کم کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈائٹنگ کرنے والے افراد نمک کا استعمال بہت ہی کم کرتے ہیں جو مناسب نہیں، گھر میں بروقت اگر کچھ دستیاب نہ ہو تو نمک اور چینی ملا پانی پیئں ہوسکے تو لیموں بھی ڈال دیں۔
اس کے علاوہ گرمی کے موسم میں دہی کا استعمال نہایت مفید ہوتا ہے، ٹھنڈی ٹھنڈی اور مزے دار لسی سے نہ صرف ہاضمہ درست رہتا ہے بلکہ لسی گرم ہوا سے بھی محفوظ رکھتی ہے۔