کراچی: نوابشاہ کے قریب پی آئی اے کا طیارہ پی کے 306 آسمانی بجلی کی زد میں آگیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 306 کراچی سے لاہور جارہی تھی، نوابشاہ کے قریب اچانک موسم خراب ہونے کے باعث طیارہ آسمانی بجلی کی زد میں آیا۔
ذرائع کے مطابق کپتان طیارے کو آسمانی بجلی سے بچاتے ہوئے مزید بلندی پر لے گیا۔
آسمانی بجلی سے طیارے کے پرائمری ریڈار کو بھی نقصان پہنچا، کپتان نے کمال مہارت سے طیارے کو باحفاظت لاہور ایئرپورٹ پر اتار لیا۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ کپتان کو محسوس ہوا کہ دائیں پر کی جانب بجلی گری ہے، طیارے کے لاہور ایئرپورٹ پر لینڈ کرنے کے بعد انجینئرز نے معائنہ کیا تو طیارے پر بجلی گرنے کے آثار نظر نہیں آئے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق طیارے کو کلیئر کرنے کے بعد پرواز پی کے 307 لاہور سے کراچی روانہ کردی گئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال 22 مئی جمعۃ الوداع کو لاہور سے کراچی آنے والا پی آئی اے کا طیارہ ایئرپورٹ کے قریب واقع ماڈل کالونی جناح گارڈن کی رہائشی آبادی پر گر کر تباہ ہوگیا تھا جس کے نتیجے میں 97 مسافر ہلاک جبکہ 2 مسافر معجزانہ طور پر بچ گئے تھے۔ حادثے میں مقامی لوگوں کی ہلاکتیں بھی ہوئیں جبکہ پانچ گھر مکمل تباہ ہوگئے تھے۔