لاہور: دورہ جنوبی افریقہ کے لیے اعلان کردہ قومی اسکواڈ میں شامل 34 ارکان کے کورونا ٹیسٹ منفی آگئے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ کے تمام 34 ارکان کی تیسری کورونا ٹیسٹنگ بھی منفی آگئی، جنوبی افریقہ روانگی سے قبل کرکٹ اسکواڈ کی چوتھی کورونا ٹیسٹنگ 24 مارچ کو ہوگی۔
ذرائع کے مطابق پہلا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد حسن علی کا دوسرا اور تیسرا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا، وہ 23 مارچ کو بائیو سیکیور ببل کا حصہ بن جائیں گے جہاں 24 گھنٹے آئسولیشن میں گزارنے کے بعد ان کے دو مزید ٹیسٹ ہوں گے۔
فاسٹ بولر حسن علی ٹیسٹ منفی آنے کی صورت میں 26 مارچ کو قومی اسکواڈ کے ہمراہ جوہانسبرگ روانہ ہوں گے۔
واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم 26 مارچ کو دورہ جنوبی افریقا کے لیے روانہ ہوگی جہاں ٹیم کے 4 ٹی ٹوئنٹی اور 3 ون ڈے میچز کھیلے گی۔
قومی ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ کی کنڈیشنر میں پرفارم کرنا کبھی آسان نہیں رہا، دورہ جنوبی افریقہ کے لیے اچھی تیاری جاری ہے، پروٹیز کے خلاف سیریز میں کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔
تربیتی کیمپ کے حوالے سے شاداب خان کا کہنا تھا کہ چونکہ ہم زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز کے بعد سے ون ڈے نہیں کھیلے اس لیے اس فارمیٹ پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔