تازہ ترین

کراچی ایئرپورٹ پر پیش آئے واقعے نے ایف آئی اے میں پروفیشنلزم ازم کے بھانڈا پھوڑ دیا

کراچی: شہر قائد کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے نے ایف آئی اے میں پروفیشنلزم ازم کے بھانڈا پھوڑ دیا ہے۔

کراچی سمیت ملک کے دیگر ایئرپورٹ پر تعینات ایف آئی اے اہلکاروں اور مسافروں کے درمیان آئے روز تلخ کلامی کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں، مگر کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آج ہونے والے واقعے نے ایف آئی اے افسران کے اخلاقیات سے عاری ہونے کی مہر ثبت کردی ہے۔

ایف آئی اے امیگریشن آرائیول پر تعینات سنجے نامی سب انسپکٹر نے بحرین سے آنے والی لڑکی کو دیکھ کر اس سے ذاتی نمبر مانگا، لڑکی کے انکار پر ڈیوٹی کو پس پشت ڈالتے ہوئے ایف آئی اے افسر نے لڑکی کا پیچھا کرنا شروع کیا اور ایئرپورٹ سے باہر آگیا۔

ایف آئی اے افسر لڑکی کو تنہا سمجھ کر اس کا پیچھا کرتا رہا مگر ایئرپورٹ سے باہر نکلتے ہی سارا منظر تبدیل ہوا، لڑکی کو لینے آئے اہل خانہ سارا منظر اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے تھے، ایف آئی اے افسر کی جانب سے لڑکی کو تنگ کرنے پر اہل خانہ نے افسر سے باز پرس کی اسی دوران دونوں فریقین کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔

لڑکی کے اہل خانہ نے موقع غنیمت جانتے ہوئے ایف آئی اے سب انسپکٹر کی ویڈیو بناڈالی، ویڈیو میں اس سے سخت سوالات کئے جارہے ہیں، جن کا وہ گول مول جواب دے رہا ہے، یہی نہیں ویڈیو کلپ میں لڑکی کے اہل خانہ اور سب انسپکٹر کے مابین تکرار دیکھی جا سکتی ہے۔

لڑکی سے فون نمبر اور رقم مانگنے سے انکار کے بعد سب انسپکٹر ایئر پورٹ کے اندر واپس چلا گیا، جہاں اہل خانہ نے ایف آئی اے کے اعلیٰ حکام سے افسر کے خلاف شکایت کی اور فوری کارروائی کا مطالبہ کیا، اس کے علاوہ اہل خانہ نے بحرین قونصلیٹ میں تحریری شکایت درج کرانے کا بھی فیصلہ کیا۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر امیگریشن زین شیخ نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انتہائی ناخوشگوار واقعے پر ایف آئی افسر سنجے کو کو معطل کردیا گیا ہے ساتھ ہی سب انسپکٹر کو صوبہ بدر کرنے اور محکمانہ کارروائی کے لئے ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ کو مراسلہ ارسال کر رہے ہیں ۔

دوسری جانب ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ عامر فاروقی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سب انسپکٹر کو معطل کردیا ہے اور محکمانہ کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

Comments

- Advertisement -
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں