بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

روس: لڑاکا طیارے سے گر کر 3 پائلٹ ہلاک

اشتہار

حیرت انگیز

ماسکو: روس کے لڑاکا طیارے کے ایجیکٹ سسٹم میں خرابی کے باعث نشستیں ازخود باہر نکل جانے سے تین پائلٹ جہاز سے گر کر ہلاک ہوگئے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ماسکو سے 145 کلو میٹر دور واقع کالوگا ریجن میں ایک فوجی ایئربیس پر جوہری بم لے جانے کی صلاحیت کے حامل روسی طیارے کی کسی حادثے کی صورت میں باہر نکلنے کی نشستیں اچانک فعال ہوگئیں جس کے نتیجے میں تین پائلٹ جہاز سے باہر گرکر زندگی کی بازی ہار گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ طویل فاصلے تک مار کرنے والے بمبار ٹی یو-22 ایم تھری کا عملہ ایک تربیتی مشن کی تیاری کررہا تھا۔

روسی حکام کے مطابق تربیتی مشن کی تیاری دوران دو انجنوں والے سپر سانک طیارے کے ایجیکشن سسٹم میں خرابی پیدا ہوگئی جس کے باعث نشستوں نے پائلٹس کو باہر اچھال دیا۔

دوران پرواز طیارے سے باہر گرنے کی وجہ سے چار میں 3 پائلٹس موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جب کہ چوتھے پائلٹ کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، ہلاک ہونے والوں میں شائکوکا ایئربیس کے بمبار یونٹ کے کمانڈر کرنل وڈیم بھی شامل ہیں۔

حادثے کی وجہ کا تعین کرنے کے لیے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے تاہم کچھ ماہرین کا خیال ہے کہ یہ طیارے میں بجلی کی خرابی یا کسی انسانی غلطی کی وجہ سے ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ ایجکشن سیٹ فوجی بمبار طیارے میں پائلٹ کی ایسی کرسی ہوتی ہے جو ہنگامی صورت میں بارودی مواد یا راکٹ موٹر کی مدد سے بھرپور طاقت کے ساتھ طیارے سے باہر آتی ہے اور پھر خود بخود پیراشوٹ کھل جاتا ہے جس سے کرسی پائلٹ سمیت زمین پر اتر جاتی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں