نئی دہلی : گیس سلینڈروں سے بھرے ٹرک پر آسمانی بجلی گرنے سے علاقہ دھماکوں کی آواز سے دہل گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گیس سلینڈروں پر بجلی گرنے کا واقعہ بھارتی شہر ہنومان نگر میں پیش آیا جہاں ایک ٹرک میں رکھے 400 گیس سلینڈروں پر آسمانی بجلی آگری۔
بجلی گرنے سے ٹرک میں آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث سلینڈر پھٹنا شروع ہوئے، ایل پی جی سلینڈر پھٹنے سے علاقہ مکین خوفزدہ ہوگئے اور ہر طرف افراتفری مچ گئی۔
بھیلواڑا پولس سپرنٹنڈنٹ وکاس شرما کا کہنا تھا کہ گھریلو گیس سلینڈر سے بھرا ٹرک کوٹہ جارہا تھا کہ راستے میں آسمانی بجلی کی زد میں آگیا، بعدازاں ٹرک میں آگ بھڑک اٹھی اور پھر سلینڈر دھماکے سے پھٹنے لگے۔
بھیلواڑا پولس سپرنٹنڈنٹ کا کہنا تھا کہ فائر بریگیڈ عملہ موقع پر فوری پہنچ گیا تھا تاہم ٹرک میں بھڑکتی آگ اور گیس سلینڈر دیکھ کر کسی نے بھی ٹرکے قریب جانے کی ہمت نہیں کی۔
پولیس افسر کے مطابق ٹرک ڈرائیور زندہ بچنے میں کامیاب ہوگیا البتہ آگ کی لپیٹ میں آنے کے باعث اس کا جسم کئی جگہوں سے جھلس چکا ہے۔