کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنونیئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے شہر قائد میں نئی مردم شماری ، حلقہ بندیوں اور بجٹ مختص کرنے کا مطالبہ کردیا۔
یہ مطالبہ انہوں نے کراچی کے علاقے نمائش میں قائم نشتر پارک میں 37ویں یومِ تاسیس کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ’حکومت وقت نئی مردی شماری کا اعلان اور اس کیلئے بجٹ مختص کرے، شفاف ووٹر لسٹ مرتب اور اسکی بنیاد ہر حلقہ بندیاں کی جائیں‘۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’ہم نے شہر کے امن کی خاطر یومِ تاسیس کی تاریخ تبدیل کی کیونکہ بتایا گیا تھا کہ 18 مارچ کو شہر میں امن کو خطرہ ہے، تاریخ بدلنے سے نام اور تحریک بدلتی نہ اس کے مقاصد ختم ہوتے ہیں‘۔
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ’ایم کیوایم کےکارکنان جانتے ہیں لہوں کا بہنا کبھی رائیگا نہیں جاتا، ہمارے اجداد نے ہم کو پورا پاکستان دیا لیکن بھٹو صاحب نے ہم کوادھا پاکستان لوٹایا‘۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ’آبادی کے لحاظ سے پورے پاکستان میں زیادہ سے زیادہ صوبے بنائے جائیں،سب سے مضبوط مطالبہ شہری سندھ کے صوبے کا ہے لہذا حکومت وقت نئی مردم شماری کا اعلان کرے‘۔
اُن کا کہنا تھا کہ ’ایم کیوایم ختم کرنے والے تھک رہے ہیں جبکہ ملکی جمہوریت بھی ہمارے بغیر تھک رہی ہے‘۔
جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنونیئر عامر خان کا کہنا تھا کہ ’ایسا کبھی کسی سیاسی جماعت کے کارکنان کے ساتھ نہیں ہوا جو ہمارے کارکنان کے ساتھ ہوا، ہمارا قصور صرف مظلوم و متوسط طبقے کی آواز آٹھانا ہے‘۔