اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمود نے کہا ہے کہ پاکستان نے اپنی خصوصی توجہ جغرافیائی معاشی ترجیحات پر مرکوز رکھی ہے، افغان امن عمل سمیت خطے میں قیام امن کےلیے پاکساتن اور امریکا اتحادی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی ڈیموکریٹ رہنما طاہر جاوید سے ملاقات کے دوران کیا، انہوں نے طاہر جاوید کو تمغہ امتیاز ملنے پر مبارک باد پیش کی اور بتایا کہ پاکستان، امریکا کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے پاک امریکا تعلقات میں بہتری کےلیے طاہر جاوید کی کاوشوں کو خوب سراہا اور کہا کہ افغان امن عمل سمیت خطے میں قیام امن کےلیے پاکستان امریکا اتحادی ہیں۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اپنی خصوصی توجہ جغرافیائی معاشی ترجیحات پر مرکوز رکھی ہیں، بیرونی سرمایہ کاروں کو ای ویزہ سمیت اہم کاروباری سہولیات مہیا کررہے ہیں۔
ملاقات میں امریکا میں مقیم پاکستانیوں کے حوالے سے بھی خصوصی گفتگو کی گئی، اس موقع پر طاہر جاوید نے کہا کہ امریکا کو کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر سخت تشویش ہے۔