لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے خبردار کیا ہے کہ کورونا کی تیسری لہر کے خطرناک اثرات سامنے آنا شروع ہوچکے ہیں، جس کی وجہ سے اسپتالوں میں رش بڑھ رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے تازہ بیان میں عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ہیلتھ سسٹم دباؤ کا شکار ہوسکتا ہے، لاہور ودیگر8شہروں میں مثبت کیسز کی شرح خطرناک حد کو چھو رہی ہے، عوام ماسک پہنیں، گھر میں رہیں اور سماجی فاصلہ اختیار کریں، ماسک پہننے کی پابندی کو عادت نہ بنایا تو صورت حال بگڑنے کا اندیشہ ہے۔
انہوں نے اپیل کی کہ اپنے اور اپنے پیاروں کی جان کی حفاظت کیلئے ماسک پہن کر گھر سے نکلیں۔
وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ ہر شہری ماسک پہننے کی پابندی عادت بنالے تو حالات معمول پر ہوں گے، عوام کو کورونا کے مکمل خاتمے کے لیے حکومتی اداروں سے تعاون کرنا ہوگا۔
پاکستان میں کورونا کی خطرناک صورتحال ، 10 ماہ بعد ایک دن میں ریکارڈ اموات
عثمان بزدار نے مزید کہا کہ سختی نہیں کرنا چاہتے صرف اپنے لوگوں کی جانوں کی حفاظت چاہتے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر شدت اختیار کرگئی ہے، دس ماہ بعد ایک دن میں ریکارڈ اموات ہوئیں، مہلک وائرس نے ایک سو تین افراد کی جان لی، جس کے بعد کورونا سے مجموعی اموات 14 ہزار924 ہوگئی ہے۔