لاہور: قومی فٹبال ٹیم کے سابق کپتان نے فیفا کی جانب سے عائد ہونے والی پابندی کا ذمہ دار قبضہ کرنے والوں کو قرار دے دیا۔
فیفا کی جانب سے پاکستانی فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) کی رکنیت معطل ہونے پر ردعمل دیتے ہوئے سابق کپتان عیسی خان کا کہنا تھا کہ فٹبال ہاؤس پرقبضے کے بعد پابندی لگنا لازمی تھی۔
انہوں نے کہا کہ چار سال کے دوران جو کچھ ہوا اُس کا نقصان کسی اور کو نہیں بلکہ فٹبالرز کو ہوا، حالات کو معمول پر لانے کے لیے بنائی جانے والی کمیٹی دراصل رکنیت معطلی کی ذمہ دار ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ کمیٹی اگر الیکشن کا انعقاد کرتی تو اس صورت حال کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔ عیسیٰ خان نے کہا کہ دوسرے گروپ نے دفتر پر قبضہ کر کے غلط کیا، اس صورت حال میں دونوں فریقین کو میز پر بیٹھ کر بات کر کے مذاکرات سے مسئلہ حل کرنا تھا مگر افسوس دونوں نے اپنے مفاد کو ترجیح دی۔
مزید پڑھیں: فیفا نے پاکستان کی رکنیت معطل کردی
واضح رہے کہ فٹ بال کی عالمی باڈی فیفا نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) کی رکنیت معطل کردی۔ فیفا کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کو پی ایف ایف معاملات میں بیرونی مداخلت پر معطل کیا گیا، پاکستان فٹبال فیڈریشن نارملائزیشن کمیٹی کو اختیارات کی واپسی تک رکنیت معطل رہے گی۔