لاہور: قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان کی جگہ لیگ اسپنر زاہد محمود کو دورہ زمبابوے کے لیے قومی ٹی ٹوینٹی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں انجرڈ ہونے والے شاداب خان کی جگہ زاہد محمود کو ٹیم میں شامل کرلیا گیا، شاداب خان کو ڈاکٹرز نے 4 ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے۔
پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوینٹی سیریز 21 سے 25 اپریل تک ہرارے میں کھیلی جائے گی۔
مزید پڑھیں: شاداب خان دورہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے سے باہر
واضح رہے کہ قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان کو بھی جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوینٹی سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کے ہمراہ روک لیا گیا ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے ٹیم منیجمنٹ کی درخواست پر دونوں تبدیلیوں کی منظوری دے دی ہے۔
لیگ اسپنر زاہد محمود ابتدائی طور پر زمبابوے کے خلاف قومی ٹیسٹ اسکواڈ جبکہ فخر زمان جنوبی افریقہ کے خلاف قومی ون ڈے انٹرنیشنل اسکواڈ کا حصہ تھے۔